نقشِ توحید بٹھانے کے لیے آپ ﷺ آئے
شرک کا نام مٹانے کے لیے آپ ﷺآئے
کج کلا ہوں کی رعونت کو نگوں سار کیا
زیردستوں کو اٹھانے کے لیے آپ ﷺ آئے
نسل آدم پہ ہوئی ختم خُدا کی حجت
اک نیا دور بسانے کے لیے آپ ﷺ آئے
زر کی بنیاد پہ انسان کی تقسیم غلط
شہر یاروں کو مٹانے کے لیے آپ ﷺ آئے
عزتِ امتِ مرحوم فزوں ہو کے رہی
شانِ اسلام دکھانے کے لیے آپ ﷺ آئے
کوئی انسان کسی انسان سے ہراساں نہ رہے
ہر کہ و مہ کو جگانے کے لیے آپ ﷺ آئے
آج پھر منبر و محراب کو آگاہ کرو
اختلافات مٹانے کے لیے آپ ﷺ آئے
ہم تہی دست فقیروں پہ کرم ہے اُن کا
فرض کی راہ دکھانے کے لیے آپ ﷺ آئے